14 اپریل 2015 - 05:08
ایس تین سو میزائل سسٹم، ایران کا خیر مقدم / ایران پہلے سے زیادہ مضبوط اور طاقت ور

ایران کی استحکام بخش پالیسیاں ایران کو ایس تین سو میزائل سسٹم کی فروخت پر عائد پابندی ختم کرنے کے روسی فیصلے میں موثر واقع ہوئی ہیں-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے کہا ہےکہ روس کے اس فیصلے میں علاقے اور عالمی سطح پر ایران کی استحکام بخش پالیسیوں کا اہم کردار ہے- علی شمخانی نے پیر کی رات کو ارنا سے گفتگو میں کہا کہ روس کے ساتھ تفصیلی مذاکرات اور اس مسئلے کا مسلسل جائزہ لینے سے صدر ولادیمیر پوتین نے نیک نیتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جدید ترین ایس تین سو میزائیل سسٹم کی ایران کو فروخت پر عائد پابندی ختم کر دی ہے- ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی نے کہا کہ آج دنیا ایران کی حقانیت اور باہمی تعاون پر مبنی موقف سے آگاہ ہو چکی ہے- انہوں نے کہا کہ ایران کے پرامن اہداف و مقاصد کا مقابلہ کرنے کی پالیسیاں ناکامی سے دوچار ہوں گی- واضح رہے کہ روس کی جانب سے ایران کے لئے ایس تین سو میزائل سسٹم کی فروخت پر عائد پابندی ہٹائے جانے کے بعد روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ ایران کو اس میزائل سسٹم کی فروخت سے کسی ملک کو خطرہ لاحق نہیں ہو گا-

.......

/169